امت نیوز ڈیسک //
23 اپریل 2024 سری نگر: ایک تازہ پیشرفت میں، سابق وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر سید مشتاق بخاری نے منگل کو پہاڑی برادری کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں محبوبہ مفتی کو ووٹ دیں۔
اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ پر 7 مئی کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ان کئی سیاسی رہنماؤں میں شامل ہیں جو وہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
بخاری نے پہاڑیوں سے کہا کہ”ہم پہاڑیوں کو ریزرویشن دینے کے لیے بی جے پی کے بہت شکر گزار ہیں۔ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے ہمارے مستقبل کو تشکیل دیا اور ہماری 30 سال کی جدوجہد رنگ لائی۔“ تاہم انہوں نے پہاڑی برادری کے ارکان کو خبردار کیا کہ وہ ان لوگوں کے مذموم عزائم سے چوکنا رہیں جنہوں نے پہاڑی برادری کو اپنے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا، اور ان سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو ووٹ دیں جو اننت ناگ-راجوری سیٹ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
بخاری نے کہا، ’’میرے خیال میں محبوبہ مفتی کو ووٹ دینا بہتر ہے کیونکہ وہ صرف سیاسی رہنما ہیں جو پہاڑی برادری کے لیے بولتی ہیں،‘‘۔
واضح رہے کہ سید مشتاق بخاری نے دو ماہ قبل نئی دہلی پارٹی ہیڈکوارٹر میں سینئر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔