امت نیوز ڈیسک //
اتوار کی شام جنوبی کشمیر کے اننت ناگ قصبے میں آتشزدگی کے واقعے میں جموں و کشمیر کے ایک مشہور دارالعلوم اور ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ پرانی عیدگاہ اننت ناگ میں واقع فیاض احمد کدو کے رہائشی مکان سے آگ لگ گئی اور اس نے تیزی سے جموں و کشمیر کے مشہور مذہبی مدرسہ ادارہ تعلیمات اسلامیہ کی مرکزی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے فوراً بعد مقامی لوگ فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کے ساتھ آگ پر قابو پانے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا لیکن رہائشی مکان اور ادارہ تعلیم اسلامی کی مرکزی عمارت کو کافی نقصان پہنچا جس سے سینکڑوں اسلامی کتابیں جل کر راکھ ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔