امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جنرل سکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ لداخ کو آنے والے پانچ برسوں کے دوران خطے کا سب سے بڑا ٹورزم مرکز بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مودی جی کی سرکار میں یہاں ہر شعبے نے ترقی کی۔
موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز کرگل میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘پارٹی کے کارکنوں سے میٹنگ ہوئی ہمارے کارکن یہاں گھر گھر جا کر پارٹی کی جیت کو یقینی بنائیں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی جی کی سرکار میں کرگل میں ہسپتال بن گیا، سڑکیں تعمیر ہوئیں اور سب سے بڑی ٹنل زوجیلا ٹنل بن گئی۔
انہوں نے کہا: ‘یہاں آج جو ووٹ مانگنے آتے ہیں ان کو 70 برسوں کے دوران یہ خیال نہیں آیا کہ کرگل سال میں چھ ماہ ملک سے منقطع رہتا ہے’۔
ترون چگ نے کہا کہ مودی جی نے زوجیلا ٹنل تیار کرکے یہاں کے لوگوں کی پریشانیوں کو دور کیا۔
انہوں نے کہا: ‘زوجیلا ٹنل کرگل کے تقدیر کی لکیر بن جائے گی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘زوجیلا ٹنل کی وساطت سے یہاں سال بھر سیاح آئیں گے جس سے یہاں مزید ترقی ہوگی’۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ہم کرگل کو اس علاقے کا سب سے بڑا ٹورزم ہب بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرگل کی کنکٹویٹی کو مضبوط بنایا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر چگ نے کہا کہ لداخ میں بی جے پی کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا: ‘یہاں کے لوگ سمجھدار ہیں وہ جانتے ہیں کہ ملک میں مودی جی کامیاب ہوں گے لہذا وہ بھی ان ہی کو ووٹ دیں گے’۔