امت نیوز ڈیسک //
کوشمبی(یوپی): مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس چاہتی ہے کہ ہم پاکستان کا احترام کریں لیکن پاکستانی مقبوضہ کشمیر(پی او کے) ہندوستان کا حصہ ہے اورہم اسے واپس لیں گے۔
اتوار کے دن ریالی سے خطاب میں امیت شاہ نے پوچھا کیا پاکستانی مقبوصہ کشمیر (پی اوکے) واپس نہیں لیناچاہئیے؟ کانگریس نے کشمیر کو کئی سال تک ناجائز بچہ کی طرح رکھا لیکن ہم نے آرٹیکل 370 برخاست کردیا‘وہاں دہشت گردی کا خاتمہ کردیا اور ملک کی سرحدیں محفوظ کردیں۔
ووٹ بینک خوشامد کیلئے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ان جماعتوں نے رام مندر کو70 سال تک لٹکائے رکھا۔ ہم نے انہیں رام مندر کے افتتاح میں مدعو کیا لیکن وہ اپنے ووٹ بینک کی وجہ سے نہیں آئیں۔
وزیرداخلہ نے عوام سے پوچھا کہ انڈیا بلاک نے اگر الیکشن جیت لیاتو وزیراعظم کون ہوگا؟ کیا شردپوار‘ ممتا‘ اُدھو‘ اسٹالن یا ہنسئیے مت راہول بابا وزیراعظم بنیں گے؟ کورونا واپس آیاتو عوام کو کون بچائے گا؟
یہ نریندرمودی ہی تھے جنہوں نے یقینی بنایاکہ 130کروڑ افراد کو ویکسین ملے۔ ٹیکہ اندازی شروع ہونے پر اکھلیش یادو نے اسے مودی ویکسین کہاتھا لیکن خاموشی سے انہوں نے اپنی بیوی کے ساتھ رات کے اندھیرے میں جاکرٹیکہ لے لیا۔
امیت شاہ نے یہ بھی کہا کہ سماج وادی پارٹی دورحکومت میں زمین مافیاسرگرم تھا لیکن یوگی آدتیہ ناتھ نے اس مافیا کو ریاست سے نکال باہرکیا۔