امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 25 مئی :- پی ڈی پی کے کارکنوں کو حراست میں لینے کی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، پولیس نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے صرف داغدار ماضی والوں کو حراست میں لیا ہے۔
اننت ناگ پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ "سب سے پہلے، حراستیں بہت کم ہیں اور صرف ان لوگوں تک محدود ہیں جن کا ماضی داغدار ہے اور جو پولنگ کے دن امن و امان اور سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات کی معتبر معلومات پر مبنی ہیں۔”
پولیس نے کہا "زیادہ تر وہ اوجی ڈبلیوز ہیں اور انہیں محفوظ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی تحویل میں لیا جاتا ہے۔”
واضح رہے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اس سے قبل بجبہاڑہ میں سڑک پر بیٹھ کر دھرنا دیتے ہوئے پولیس پر الزام لگایا کہ انکے پولنگ ایجنٹ اور کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔