امت نیوز ڈیسک /
اننت ناگ : آج چھٹے مرحلے کے تحت اننت ناگ – راجوری لوک سبھا نشست کے لئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس سیٹ پر ووٹنگ کے اختتام کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں انتخابی عمل اختتام پزیر ہوگا۔ اس نشست پر 20 امیدوار میدان میں ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ 18.36 لاکھ سے زائد ووٹرز کریں گے۔ اس نشست پر این سی کے میاں الطاف اور پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی کے مابین کڑا مقابلے ہونے کی امید ہے۔
صبح گیارہ بجے تک کی پولنگ شرح:
صبح گیارہ بجے تک الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 23.11فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اسمبلی وار ووٹنگ کی شرح اس طرح رہی: اننت ناگ 13.8فیصد۔ اننت ناگ ویسٹ 16.18فیصد۔ بدھل 26.14فیصد۔ دمحال ہانجی پورہ 22فیصد۔ دیوسر 18.7فیصد۔ ڈورو 20.85فیصد۔ کوکرناگ 25.27فیصد۔ کولگام13.94فیصد۔ مینڈھر 28فیصد۔ نوشہرہ 30.29فیصد۔ پہلگام 26.68۔ پونچھ30.89فیصد۔ راجوری34.63فیصد۔ شانگس16.99فیصد۔ بجبہاڑہ18فیصد۔ سرنکوٹ 24.62فیصد۔ تھنہ منڈی 29.92فیصد۔ زینہ پورہ19.30فیصد۔
جنوبی کشمیر میں واقع یہ لوک سبھا نشست 2019 سے مختلف ہے کیونکہ حد بندی کے بعد اسکا نقشہ اور حدود اربعہ تبدیل کیا گیا ہے۔ جموں صوبے کے ساتھ منسلک راجوری اور پونچھ کے کئی علاقوں کو اس نشست کے ساتھ ملایا گیا جبکہ اصل جنوبی کشمیر کے اہم علاقوں کو کاٹ کر سرینگر کے ساتھ جوڑا گیا۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اننت ناگ راجوری نشست کے تحت آنے والے 5 اضلاع جن میں کولگام، اننت ناگ، شوپیاں (36- زینہ پورہ) اور پونچھ راجوری میں کل 18،36،576 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 9،33،647 مرد شامل ہیں۔ جبکہ خواتین ووٹرس کی تعداد 9,02,902 ہے۔ ان ووٹرز میں 27ہزار سے زائد کشمیری پنڈت ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اننت ناگ – راجوری پارلیمانی حلقہ میں 2,338 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر پریذائیڈنگ آفیسر سمیت چار انتخابی عملے تعینات کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 9000 سے زائد پولنگ عملہ کو شامل کیا گیا ہے۔ وہیں راجوری اور پونچھ اضلاع میں 19 بارڈر پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔