امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں – پونچھ سڑک پر مسافر بردار بس گہری کھائی میں جا گرنے سے کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام نے 21 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ بس میں سوار دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ فوت ہوئے افراد کا تعلق ریاست اترپردیش کے ہاتھرس علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی راحت اور بچاؤ ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔
ریسکیو ٹیم نے 50 مسافروں کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال میں داخل کیا ہے۔ بس کے گہری کھائی میں جا گرنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ کا پورا عملہ موقع پر پہنچ گیا ہے اور فوری امدادی کام شروع کر دیا گیا۔ ایک پولیس افسر نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا کہ جموں – پونچھ شاہراہ (144A) پر اکھنور علاقے میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گر گئی ہے جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں 15 سے زیادہ لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ درجنوں مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس اور مقامی رضاکاروں کی جانب سے بھی امدادی اور بچاؤ کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو اکھنور ہسپتال لے جایا گیا، جہاں سے شدید زخمیوں کو جموں میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اتر پردیش رجسٹریشن والی یہ بس جموں سے شیوکھڑی جا رہی تھی اور اس دوران اکھنور میں تنگ موڑ کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری۔ معلوم ہوا ہے کہ بس میں گنجائش سے کہیں زیادہ افرادسوار تھے، بتایا جا رہا ہے کہ بس میں قریب 80افراد سوار تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کیا دکھ کا اظہار
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس دلدوز سڑک حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایل جی منوج سنہا نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر کہا: ’’اکھنور، جموں کے سڑک حادثہ میں فوت ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت، پروردگار سے دعا ہے کہ لواحقین یہ صدمہ جانکاہ برداشت کر سکیں۔ اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔‘‘







