امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی : نئی حکومت کے حوالے سے جاری سسپنس کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا استعفیٰ صدر جمہوریہ کو سونپ دیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے ان کا استعفیٰ منظور بھی کر لیا۔ تاہم نئی حکومت کے قیام تک وزیراعظم مودی ہی قائم مقام وزیر اعظم رہیں گے۔ وزیراعظم مودی راشٹرپتی بھون پہنچے اور اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ ذرائع کی مانیں تو نریندر مودی 8 جون کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔
وزیراعظم مودی کے استعفیٰ پر راشٹرپتی بھون کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ وزیراعظم مودی نے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اپنا اور یونین کونسل آف منسٹرز کا استعفیٰ پیش کیا۔ استعفیٰ منظور کرتے ہوئے صدر نے وزیراعظم اور ان کے ساتھیوں سے نئی حکومت کے قیام تک اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کی درخواست کی۔
ادھر نئی حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں آج شام 4 بجے این ڈی اے کی میٹنگ ہے۔ میٹنگ میں شرکت کے لیے دو ایسے لوگ دہلی پہنچ چکے ہیں، جن کے بغیر شاید ہی این ڈی اے کی حکومت بن پاتی۔ نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو دہلی پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجیت پوار این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام 543 لوک سبھا سیٹوں کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 292 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے جبکہ انڈیا بلاک نے بھی تقریباً 234 نشستیں حاصل کی ہیں۔ وہیں دیگر جماعتوں کو مجموعی طور پر 17 سیٹیں ملی ہیں۔