امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاسی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو شری امرناتھ جی یاترا کے لئے تیار رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا: ‘یہ حقیقت ہے کہ یہاں سیکورٹی صورتحال میں بہتر آئی ہے لیکن ہمارے سرحد نفوذ پذیر ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ریاسی حملے کی مذمت کرنی چاہئے جس میں نہتے لوگوں کو مارا گیا۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہاں سیکورٹی صورتحال بہتر ہے، دہشت گردی ہے کیونکہ ہمارے سرحد نفوذ پذیر ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘افسوس اس بات کا ہے کہ ریاسی میں بے گناہ اور نہتے لوگوں پر حملہ کیا گیا ہم سب کو اس حملے کی مذمت کرنی چاہئے’۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم سب کو امر ناتھ جی یاترا کے لئے تیار رہنا چاہئے اور اس کا ہمیشہ کی طرح خیر مقدم کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس سال بھی یاترا اچھی طرح سے چلے گی۔
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارک بادی دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘وزیر اعظم، وزیر اعظم کو مبارک باد دیتے رہتے ہیں اللہ کرے کہ وہ اس پر عمل کریں’۔