امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: مولوی محمد عمر فاروق نے اسلامک کلینڈر کے نئے سال 1446ھ کی آمد پر اہالیان جموں وکشمیر سمیت عالم اسلام کو دلی مبارک باد اور پُرخلوص تہنیت پیش کی ہے۔ میرواعظ نے کہاکہ ہر نیا سال اور نئی تقویم ہمیں احتساب نفس، احتساب خویش اور احتساب کائنات کی دعوت دیتا ہے۔ ایسے میں ہمیں اپنے ماضی سے سبق لےکر اپنے حال اور مستقبل کو بہتر اور درخشاں بنانے کی اپنی کوششیں تیز ترکرنی چاہئے اور اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور عاجزی اور انکساری کا مظاہرہ کرکے انسانیت خاص طور پر امت مسلمہ کو درپیش گونا گوں مسائل سے نجات کی خاطر حضرت حق جل ذکرہ کی بارگاہ میں خصوصی دعاﺅں کے ساتھ ساتھ باری تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط اور جناب رسول رحمت ﷺ کے تئیں اپنی عقیدت اور وابستگی کا از سر نو جائزہ لینا چاہئے تاکہ ہم ملت اسلامیہ کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہونے کے ناطے اپنا دینی و ملی فریضہ احسن طریقے سے انجام دینے کا اہل ثابت ہو سکیں۔
انہوں نے توقع ظاہر کی اللہ کرے نیا سال ہم سب کیلئے خوشیوں اور نوید اور امن و سلامتی کا پیغام لیکر آئے۔ اس دوران میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کی ہدایت پر عشرۂ محرم الحرام کی مناسبت سے متحدہ مجلس علماء کے زیر اہتمام شیعہ سنی کارڈنیشن کمیٹی کا ایک اہم اور غیر معمولی اجلاس 8 جولائی 2024 بروز سوموار تاریخی میرواعظ منزل پر طلب کیا گیا ہے جس میں سرکردہ علماء، دانشور حضرات اور ذمہ داران شرکت کررہے ہیں۔ اجلاس میں ملی و مسلکی اتحاد و ہم آہنگی و یگانگت کے مشعل کو حسب سابق قائم و دائم رکھنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائیگی۔