امت نیوز ڈیسک //
جموں: مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں دفعہ370 کے خاتمے کے بعد مثبت ماحول ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوک سبھا انتخابات کے بعد جائزہ لے رہے ہیں اور ہم جموں وکشمیر میں بی جے پی کے آیندہ پروگراموں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں اس وقت بھاجپا ورکنگ کمیٹی کی میٹنگیں ہو رہی ہیں۔
ان کے مطابق جموں میں بھی بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی سربراہی میں میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران پارٹی کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کی خاطر اہم فیصلے لئے گئے۔
مرکزی وزیر نے کہا :دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں مثبت ماحول اور امن کا دور دورہ ہے ۔
ان کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے حوالے سے بہت سارے کام کئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ آنے والے وقت میں بی جے پی کو عوام کی بھر پور حمایت ملے گی۔
مرکزی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی نے ہمیشہ جمہوریت کی حفاظت کی اور ہم اس پر چٹان کی طرح قائم ہیں ۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن پر گفت وشنید کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہاکہ ورکنگ کمیٹی میٹنگ میں اس پر بھی بات ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ پارٹی کو کیسے مضبوط کیا جائے ، انتخابات میں بھاجپا کی جیت کو کیسے یقینی بنایا جائے اس سب پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے بی جے پی نے کتنے کام کئے یہ سب کچھ عیاں ہے اوراس پر بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔