امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ : جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک دلدوز حادثے کے دوران دو مزدوروں کی موت واقع ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق ضلع کے گاڈ ہانجی پورہ، بجبہاڑہ علاقے میں ریت نکالنے کے دوران ٹیلے سے میٹی کا ایک بڑا تودہ گرآیا جس کے تلے تین مزدور دب گئے۔ ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں، فائر فائٹرز مقامی مقامی رضاکاروں نے فوری طور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور تین مزدوروں کو بازیاب کرکے انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے دو مزدوروں کو مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی دو افراد کی موت واقع ہو چکی تھی، جبکہ تیسرے شخص کا اسپتال میں علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے اس حادثے کی نسبت ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ حکام نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ان کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کی ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت محمد الطاف خان ساکنہ گاڈ ہانجی پورہ، مشتاق احمد شیخ ساکنہ راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ وادی کشمیر میں اس طرح کے حادثات کے دوران ہر سال سینکڑوں افراد کی موت واقع ہوتی ہے۔ دریاؤں اور ندی نالوں سے ریت یا باجری نکالنے کے دوران، یا پہاڑوں سے پتھر توڑنے کے دوران کئی افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی بھی ہو جاتے ہیں۔ اس ضمن میں حکومت سے نہ صرف احتیاطی تدابیر کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے پر زور دیا جا رہا ہے بلکہ اس طرح کے حادثات کے دوران جانی نقصان کو روکنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی جا رہی ہے۔