امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کشمیر دورہ امن اور ترقی کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ وزیر اعظم سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ان کا خطاب سننے کے لئے بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔
موصوف جنرل سکریٹری نے بدھ کے روز یہاں وزیر اعظم کی انتخابی ریلی کے بارے میں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘جموں وکشمیر کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی سے بے حد محبت کرتے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘وہ جب بھی یہاں آتے ہیں تو لوگ جوق در جوق ان کو سننے کے لئے جمع ہوتے ہیں ان کا پروگرام جموں وکشمیر کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا’۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر سری نگر شہر کو دولہن کی طرح سجایا گیا ہے۔
مسٹر چگ نے کہا کہ وزیر اعظم جموں وکشمیر کے لوگوں کا وشواس جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں کل تک بائیکاٹ ہوتا تھا اور بہت کم ووٹنگ شرح درج ہوتی تھی آج وہاں لوگ لمبی لمبی قطاروں میں ووٹ ڈالنے کے لئے کھڑے ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ لوگوں کا ہندوستان کی جمہوریت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال 1987 کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس اورکانگریس کی حکومت قائم ہونے سے لوگوں کا بیلٹ پر اعتماد ختم ہوا تھا جو آج بحال ہوا ہے.(یو این آئی)