امت نیوز ڈیسک //
وزیر اعظم مودی کی قیادت والی کابینہ نے `ون نیشن ون الیکشن (ایک ملک، ایک انتخاب) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ تجویز کے مطابق ملک بھر میں تمام انتخابات (لوک سبھا، اسمبلی اور دیگر) بیک وقت کرائے جانے چاہئیں۔ اس معاملہ پر سابق صدر رام ناتھ کووند کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جو اپنی رپورٹ پیش کر چکی ہے۔کووند کمیٹی نے مارچ میں رپورٹ پیش کی تھی جس میں انتخابات کے بیک وقت انعقاد کے امکانات پر تفصیل سے بحث کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پہلے مرحلے کے طور پر، لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں کرائے جانے چاہئیں۔ اس کے بعد لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے ۱۰۰؍ دنوں کے اندر مقامی بلدیاتی انتخابات بھی مکمل کئے جائیں۔ اس سے تمام سطحوں پر انتخابات ایک مقررہ وقت میں مکمل کئے جا سکیں گے۔ کابینہ نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے پریس کانفرنس میں کہاکہ حکومت اس نئے نظام کے حوالے سے سیاسی اور سماجی میدان میں وسیع بحث کروائے گی۔ اس کے بعد اسے تمام فریقوں کی رضامندی سے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام کو ۲۰۲۹ءتک نافذ کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی رپورٹ ویب سائٹ پر موجود ہے۔ کوئی بھی اسے دیکھ کر اپنی رائے دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے اس خیال پر انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اسے کب نافذ کیا جائے گا اشوینی ویشنو نے کہا کہ دو تین ماہ میں اس پر بحث کرنے کے بعد اتفاق رائے ہو جائے گا اور اس کا بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔