امت نیوز ڈیسک //
نریندر مودی نے جمعرات کو کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے پرانے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے دہشت گردوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے آقاو¿ں کو ملک(ہندوستان) چھوڑنا پڑے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ یکساں سیول کوڈ اور ون نیشن ون الیکشن جلد حقیقت بن جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ میں تمام ہم وطنوں کو قومی اتحاد کے دن کی مبارکباد دیتا ہوں۔ اس بار قومی یکجہتی کا دن ایک شاندار اتفاق لے کر آیا ہے۔ آج ایک طرف ہم اتحاد کا تہوار منا رہے ہیں تو دوسری طرف دیوالی کا مقدس تہوار ہے۔جے کے این ایس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کوگجرات کے کیواڈیہ میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر قومی یکجہتی دن کی پریڈ میں شرکت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے می یوم اتحاد کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کر دیا ہے، جس سے ہندوستان کے آئین اور جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے پرانے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے آئین، ہندوستان کی جمہوریت کو فتح مند بنایا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ جموں وکشمیرکے عوام نے اپنے ووٹوں سے 70 سال سے جاری پروپیگنڈے کا خاتمہ کر دیا ہے۔ آج قومی یکجہتی کے دن پر میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ دس سالوں میں بھارت نے ایسے کئی مسائل حل کئے ہیں، جو قومی یکجہتی کے لیے خطرہ تھے۔وزیراعظم کاکہناتھاکہ دہشت گردوں کے آقا اب جان چکے ہیں کہ بھارت کو نقصان پہنچانے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کیونکہ بھارت انہیں نہیں بخشے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 70 سالوں سے بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پوری طرح نافذ نہیں کیا گیا اور آئین کا نام لینے والوں پر اس کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے اس ناکامی کو جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی دیوار کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370 ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیرمیں ہوئے حالیہ اسمبلی الیکشن میں پہلی بار بلا تفریق ووٹنگ ہوئی۔ پہلی بار اس جگہ کے وزیر اعلیٰ نے ہندوستان کے آئین پر حلف لیا ہے۔ اس منظر نے ہندوستانی آئین بنانے والوں کو بے حد اطمینان بخشا ہوگا، ان کی روحوں کو سکون ملا ہوگا اور یہ آئین بنانے والوں کو ہماری عاجزانہ خراج عقیدت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یکساں سول کوڈ (UCC) کی شدت کے ساتھ حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھارت میںایک قوم، ایک سیکولر سول کوڈکو لاگو کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک مضبوط ہوگا۔ مودی نے ’ایک ملک ایک انتخاب‘کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کی طرف ایک اہم قدم ہوگا جو ایک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ہم سب ایک قومی شناخت،آدھار کی کامیابی دیکھ رہے ہیں اور دنیا بھی اس پر بحث کر رہی ہے۔ اس سے پہلے، بھارت میں مختلف ٹیکس نظام تھے، لیکن ہم نے ون نیشن ون ٹیکس سسٹم ، جی ایس ٹی بنایا۔ ہم نے ون نیشن ون پاور گرڈ سے ملک کے پاور سیکٹر کو مضبوط کیا۔ ہم نے ون نیشن ون راشن کارڈ کے ذریعہ غریبوں کو دستیاب سہولیات کو مربوط کیا۔ ہم نے آیوشمان بھارت کی شکل میں ملک کے لوگوں کو ون نیشن ون ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد کے لیے ہماری ان کوششوں کے تحت، اب ہم ون نیشن ون الیکشن کی طرف کام کر رہے ہیں، جس سے بھارت کی جمہوریت مضبوط ہوگی اور ملک ایک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حاصل کرنے میں نئی رفتار حاصل کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ آج، بھارت ایک ملک ایک سول کوڈ کی طرف بڑھ رہا ہے جو کہ ایک سیکولر سول کوڈ ہے۔