امت نیوز ڈیسک //
ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں ایک ہوٹل سے پر اسرار حالت میں 3 نوجوانوں کو مردہ پایا گیا ہے۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تین لوگ نیا سال منانے کے سلسلے میں جموں سے بھدرواہ آئے تھے اور کل دیر رات ان کے رشتہ داروں کا فون آیا کہ ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہو رہا ہے جس پر پولیس نے ان کی تلاش شروع کی اور ان کی گاڑی سے معلوم ہوا کہ وہ رائل ان نامی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے دروازہ کھٹکھٹایا اور اندر سے کوئی جواب نہیں ملا جس پر دروازہ توڑا اور اندر تین لوگوں کو بیہوشی کی حالت میں پایا گیا. انہوں نے کہا کہ ایک باتھروم اور دو بیڈ پر تھے. اس دوران ڈاکٹروں و فرانسیک کی ٹیم کو بلایا گیا اور ان کی جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی عمل شروع کیا گیا ہے۔ ان کی شناخت مکیش کمار، آشوتوش اور سنی چوہدری کے طور پر ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اندر سے کوئلہ کی ایک سگڑی بھی برآمد ہوئی ہے اور خدشہ ہے کہ ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے تاہم حقیقت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔










