امت نیوز ڈیسک //
جموں، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ مجاہدین آزادی اور شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا ایک بہترین موقع ہے جنہوں نے اس دن کو ہمارے لیے ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نوجوانوں کے خوابوں کو پورا ہونے میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کریں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ یوم جمہوریہ کی شاندار تقریب سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے اس موقع پر قومی پرچم لہرایا اور فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، جموں و کشمیر پولیس، آرمڈ پولیس، آئی آر پی، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی کیڈٹس، بھارت اسکاؤٹس اور گرل گائیڈز، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور اسکول کے بچوں کی پریڈ سے سلامی لی۔
منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا: ‘یہ دن ہمیں ہندوستان کے آئین میں درج پائیدار اقدار کی یاد دلاتا ہے یہ فخر، جمہوریت، انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے لیے ہماری وابستگی کی تصدیق کا دن ہے’۔انہوں نے کہا: ‘آئیے ہم اپنے مجاہدین آزادی اور شہیدوں کی عزت افزائی کرتے ہیں جنہوں نے عظیم قربانیاں پیش کرکے مادر وطن کے تحفظ کو یقینی بنایا’۔ان کا کہنا تھا: ‘میں ہندوستانی فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی انتھک لگن اور قربانیاں ہماری قوم کے اتحاد، سالمیت اور سلامتی کو یقینی بناتی ہیں’۔۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: ‘ہمارے فورسز ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے کے علاوہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے امن اور استحکام کے ستون کے طور پر کھڑے ہیں اور ان کی غیر معمولی بہادری اور خدمات ہمیں متحد، محفوظ اور خوشحال ہندوستان کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ اس اہم موقع پر میں جموں وکشمیر کی ترقی میں تعاون کرنے والے ہر فرد، کسانوں، کاریگروں، اساتذہ، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، سیکورٹی فورسز، کھلاڑیوں اور سرکاری اہلکاروں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کی لگن اور محنت ہماری اجتماعی کامیابی کا سنگ میل ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے تنوع میں اتحاد کی سرزمین رہی ہے اور ہمیں اپنی جامع ثقافت اور بھائی چارے کی صدیوں پرانی روایات پر بے حد فخر ہے۔
مسٹر سنہا نے اپنے خطاب میں کہا: ‘یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے نوجوانوں کے خوابوں کو تفرقہ انگیز قوتوں کی طرف سے روکا نہ جائے ہمارا سفر لچک اور عزم کا رہا ہے جس کے ہر شعبے میں بے مثال کامیابیاں ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر اپنے بھرپور ورثے، قدرتی خوبصورتی اور متحرک ثقافت کے ساتھ ہمیشہ سے اس سفر کا ایک اہم حصہ رہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا کامیاب انعقاد مثبت تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے اور اس کامیابی کا سہرا ان تمام شہریوں کو جاتا ہے جنہوں نے ہماری جمہوری اقدار اور جموں و کشمیر کے مستقبل پر اپنے اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جمہوری مشق میں حصہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگ اب نئی توقعات کے ساتھ حکومت کی طرف دیکھتے ہیں اور ایک ایسے ماحول کی خواہش رکھتے ہیں جو بامعنی روزگار، پائیدار ترقی، سماجی شمولیت، اور مضبوط اقتصادی ترقی کو فروغ دے جو سب کے لیے بہتر معیار زندگی کی راہ ہموار کرے۔
ایل جی نے کہا کہ وسیع تر سطح پر عوام کی شرکت کو مزید مضبوط اور یقینی بنانے کے لیے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ تھری ٹائر گورننس کا ڈھانچہ تشکیل دیا جا سکے۔انہوں ے کہا کہ اچھی حکمرانی ایک خوشحال اور ہم آہنگ مستقبل کی بنیاد ہے اور یہ خطے میں امن، ترقی اور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘شفافیت، جوابدہی، اور شہریوں پر مبنی پالیسیوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے حکومت نے شراکتی فیصلہ سازی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کو ترجیح دی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس، عوامی خدمات کو ہموار کرنا، اور سماجی و اقتصادی پروگراموں کو فروغ دینے جیسے اقدامات کا مقصد ترقیاتی خلا کو ختم کرنا اور عوامی اعتماد کو مضبوط کرنا ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر نے ای- اُنّت پورٹل پر 1 ہزار 1 سو 66 آن لائن عوامی خدمات دستیاب کرانے میں پیش قدمی کی ہے اور 5 سو 1 ای خدمات کو ریپڈ اسیسمنٹ سسٹم (آر اے ایس) کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 387 خدمات پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ (پی ایس جی اے) کے تحت آتی ہیں اور 104 سرکاری خدمات کو دستاویز کی حفاظت اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ڈجی لاکر کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے اصلاحات کے ساتھ سو فیصد تعمیل حاصل کرنے کا ہدف رکھتا ہے اور جموں و کشمیر نے عوامی شکایات کے آن لائن ازالے کے لیے جے کے سمادھان پلیٹ فارم بنایا ہے جہاں روزانہ تقریباً 3 سو شکایات پر کارروائی کی جاتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کیا گیا ایک اور قدم ‘رابطہ’، ایک تاریخی پروگرام ہے جس کا مقصد حکومت اور عوام کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معیشت میں 9.5 فیصد کی شرح کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جو حکومت کے مستقل اقدامات اور اسٹریٹجک پالیسی اقدامات سے چلتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘سیاحت کا شعبہ ہماری پوری معیشت کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ یہ روزگار پیدا کرنے اور مقامی کاروبار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر میں نومبر 2024 تک ریکارڈ توڑ 2 کروڑ 36 ہزار سیاح آئے اور گلمرگ میں 7 لاکھ 68 ہزار سیاح گونڈولا سے محظوظ ہوئے اور 2024 کے دوران 103 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی’۔
مسٹر سنہا نے سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی اہم منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا: ‘پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) موڈ کے تحت، سدھرا گالف کورس کے قریب، دوارا گاؤں میں ایک جدید ترین واٹر پارک تعمیر کیا جا رہا ہے اور بسوہلی کو ایڈونچر ٹورازم ہاٹ سپاٹ کے طور پر بھی تیار کیا جا رہا ہے اور اس کے علاوہ پیرکھو کو مبارک منڈی کمپلیکس سے جوڑنے کے لیے ایک عمودی لفٹ پروجیکٹ نصب کیا جا رہا ہ، جس سے رسائی میں اضافہ ہو گا اور سیاحوں کے لیے اس تاریخی مقام کا دورہ کرنا آسان ہو گا’۔
تقریب اختتام پر مولانا آزاد اسٹیڈیم میں اسکول کے بچوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام اور جسمانی ورزش کا انعقاد کیا گیا نیز جموں و کشمیر پولیس کے موٹر سائیکل سواروں کی جرات مندانہ کارروائیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں۔










