امت نیوز ڈیسک //
دہلی : بی جے پی کے ہاتھوں شکست کا سامنے کرنے والے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال جو اپنے حلقہ نئی دہلی سے بھی ہارگئے نے کہا کہ وہ عوام کے فیصلہ کو قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار کے لیے سیاست میں نہیں ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی ایک تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور عوام کی خدمت کو جاری رکھا جائے گا۔
یہ واضح ہونے کے کچھ دیر بعد کہ بی جے پی دہلی کی 70 میں سے کم از کم 45 سیٹیں جیت رہی ہے اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے اور ہم عوام کے فیصلہ کو قبول کرتے ہیں۔ اب تک ہوئی ووٹنگ سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اس بار عام آدمی پارٹی کو تقریباً 20 سیٹیں ہی ملیں گی، جبکہ پارٹی کو 2015 اسمبلی انتخابات میں 67 اور 2020 میں 62 نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔
اروند کیجریوال نے ہار کو تسلیم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ بی جے پی ان عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترے گی جنہوں نے اسے اکثریت دی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر زور دیکر کہا کہ ان کی پارٹی نے گذشتہ 10 سالوں میں تعلیم، صحت، پانی اور بجلی کے شعبوں میں لوگوں کے لیے بہت کام کیا ہے۔ ہم نے دہلی میں بنیادی ڈھانچے کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کی۔ اب، ہم نہ صرف ایک تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے بلکہ سماجی شعبے میں بھی کام کرتے رہیں گے اور لوگوں کی مدد بھی جاری رکھیں گے‘‘۔










