امت نیوز ڈیسک //
جموں: کابینی وزیر سکینہ ایتو نے منگل کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس (جے کے پی سی) کے چیئرمین سجاد گنی لون پر تنقید کرتے ہوئے ان پر آرٹیکل 370 کی منسوخی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مدد کرنے کا الزام لگایا۔
جموں میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایتو نے کہا کہ "ہر کوئی جانتا ہے کہ جب پی ڈی پی اور سجاد لون نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تو انہوں نے کیا کیا۔ ان پارٹیوں نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر کو نقصان پہنچانے میں بی جے پی کی مدد کی“۔
ان کے ریمارکس سجاد لون کے اسمبلی سے واک آؤٹ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی چیف منسٹر عمر عبداللہ سے آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کے جواب میں تھے۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے ایتو نے کہا کہ جو لوگ کبھی بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں شریک تھے اب وہ خود کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے محافظ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے ان پر سیاسی موقع پرستی اور انتخابی فوائد کے لیے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔










