امت نیوز ڈیسک //
جموں کے کھٹوعہ علاقے میں شہری ہلاکتوں کے بعد مرکزی داخلہ سیکرٹری گووند موہن اتوار کو ہنگامی بنیادوں پر جموں پہنچے جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں خطے میں موجود سیکورٹی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ جاری سیکورٹی آپریشنز اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے فورسز کی تیاری پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی داخلہ سیکرٹری گووند موہن اتوار کو ہنگامی بنیادوں پر جموں پہنچے جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ جس میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس میٹنگ میں انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر، اعلیٰ پولیس افسران، اور دیگر اہم سیکورٹی اہلکاروں نے شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کا بنیادی مقصد جموں میں ملی ٹنٹوں کے ہاتھوں بڑھتی ہلاکتوں اور حملوں کے پیش نظر خطے کی سیکورٹی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا جس دوران حکام نے جاری سیکورٹی آپریشنز اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے فورسز کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا۔ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں امن و امان کے موثر انتظام کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی اور مقامی سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ میٹنگ میں پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کسی بھی غیر متوقع سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
حکام نے امن کو برقرار رکھنے اور کسی بھی سیکورٹی خطرات سے فوری اور مستعدی سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔میٹنگ کا اختتام جموں و کشمیر کو محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے مختلف ایجنسیوں کے درمیان مسلسل نگرانی اور تعاون کے مطالبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔










