امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت کئی علاقوں میں نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے وہیں وادی کے مختلف حصوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.5ڈگریز سینٹی گریڈ اور کم سے کم 2.0 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ 10.6ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 0.0 سینٹی گریڈ رہا، جہاں 2 سینٹی میٹر برفباری ہوئی۔
سیاحتی مقامات میں بھی شدید سردی دیکھی گئی، جہاں پہلگام میں درجہ حرارت منفی 6.0ڈگری سیلسیش تک گر گیا اور 14 سینٹی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی، وہیں گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور 13.7 سینٹی میٹر برفباری ہوئی۔
دیگر علاقوں میں سرحدی ضلع کپوارہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.4ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 4.4ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ کوکرناگ میں زیادہ سے زیادہ 8.9ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 0.1ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
جموں ڈویژن میں بھی ٹھنڈ میں اضافہ
جموں شہر نسبتاً گرم رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22.4ڈگریز سینٹی گریڈ اور کم سے کم 14.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بلند مقامات پر سردی کی شدت زیادہ رہی۔
بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوت میں 4.5سینٹی گریڈ، اور کٹرہ میں 11.0سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھدرواہ میں سردی کی شدت سب سے زیادہ رہی، جہاں درجہ حرارت -9.0سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
میدانی علاقوں میں بارشیں
خطے میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں رام بن ضلع میں سب سے زیادہ 25.5 ملی میٹر بارش ہوئی، وہیں بانہال میں 43.7 ملی میٹر، راجوری میں 13.2 ملی میٹر اور پونچھ میں 1.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تعلیمی ادارے بند
سردی کے پیش نظر کشتواڑ ضلع اور گریز کے علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل رام بن ضلع میں بھی شدید بارش کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو بند کر دیا گیا تھا۔
ٹریفک حکام کی ہدایات
جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کے مطابق سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر دونوں اطراف سے گاڑیاں چل رہی ہیں، تاہم مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ کے افسران کا کہنا ہے: ’’مسافروں کو دن کے وقت سفر کرنے اور رام بن-بانہال کے درمیان غیر ضروری طور پر رکنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرآنے کا خدشہ ہے۔‘‘ محکمہ کے مطابق زوجیلا پاس (SSG روڈ)، بھدرواہ-چمبہ روڈ، مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ روڈ تاحال بند ہیں۔
محکمہ موسمیات کا الرٹ
جموں و کشمیر میں مسلسل چوتھے روز بھی بارش اور برفباری جاری رہی، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ’یلو الرٹ‘ (Yellow Alert) جاری کیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد کے مطابق: ’’صبح کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، تاہم دوپہر کے بعد موسم میں بہتری متوقع ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ 17 سے 24 مارچ تک مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔











