امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بیچ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کی صبح جموں میں اپنی رہائش گاہ پر ایک ہنگامی کابینہ اجلاس طلب کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کابینہ کے اراکین اور چیف سیکریٹری اٹل ڈولو موجود تھے۔ یہ اجلاس نصف گھنٹے سے زائد عرصہ تک جاری رہا، جس کے بعد تمام شرکاء سول سیکریٹریٹ روانہ ہو گئے۔
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب سرحد پر کشیدگی عروج پر ہے اور کشمیر میں بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر درجنوں سیاحتی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے۔ حالات نے 22 اپریل کو پہلگام میں پیش آئے حملے کے بعد سنگین رخ اختیار کیا۔ اس حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی گھوڑے بان سید عادل حسین ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کر رہی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیز کشمیر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دے رہی ہیں، تاہم اس بارے میں سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔











