امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے گذشتہ کئی روز سے مسلسل جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 او 3 مئی کی درمیانی شب بھی پاکستانی فوج نے کپوارہ، اوڑی اور اکھنور علاقوں میں ایل او سی کے مقابل سر حد پار بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے گولہ باری کی۔
انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے اس کا موثر انداز میں جواب دیا۔
تاہم کسی بھی جانب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ یہ لگاتار نویں بار ہے کہ جب پاکستانی فوج کی طرف سے جموں وکشمیر کے سرحدوں کو نشانہ بنا یا گیا جس سے سرحدی بستیوں میں ایک بار پھر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان 29 اپریل کو ہاٹ لائن پر بات چیت کے باوجود جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ 22 اپریل کو پہلگام میں بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا تھا جس میں 25 سیاحوں اور ایک مقامی باشندے کی موت ہوئی تھی۔









