امت نیوز ڈیسک //
جموں : جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سورنکوٹ گاؤں میں پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک مشتبہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔
پولیس اور فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران مشتبہ دہشت گرد ٹھانے سے پانچ آئی ای ڈیز ،کئی ریڈیو سیٹ، تاریں، دوربینیں اور کمبل برآمد کیے گئے ہیں۔
پونچھ پولیس نے کارروائی کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں برآمد شدہ دھماکہ خیز مواد اور دیگر اشیاء واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
یہ کامیابی ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی تھی۔ اس اجلاس میں پولیس، فوج، خفیہ ایجنسیوں اور مرکزی نیم فوجی دستوں کے افسران نے شرکت کی۔
اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس میں وادی کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور درپیش خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، ملی ٹینٹوں کے خلاف حالیہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے درمیان بڑھتی ہم آہنگی کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔










