امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جمعہ کو علی الصبح جموں روانہ ہوئے تاکہ پاکستان کی جانب سے گذشتہ کل رات کئے گئے ڈرون حملے کے بعد صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ بھارتی فوج نے جمعرات کی رات جموں، پٹھان کوٹ، ادھمپور اور کچھ دیگر مقامات پر میزائلوں اور ڈرون سے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی پاکستانی فوج کی کوشش کو ناکام کردیا۔ آپریشن سندور کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر فوجی تصادم کے خدشے کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ "گزشتہ رات جموں شہر اور ڈویژن کے دیگر حصوں پر کیے گئے ناکام پاکستانی ڈرون حملے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میں جموں جا رہے ہیں۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع دینے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تازہ طور پر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ آیا بندش میں کتنے عرصہ تک توسیع کی جائے۔
جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے جمعرات کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسکولوں کو اگلے دو دن کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔ جمعرات کی رات اکھنور، سانبہ، بارہمولہ اور کپواڑہ اور کئی دیگر مقامات پر سائرن بجنے اور علاقوں میں متعدد دھماکوں کی اطلاع ملی۔ بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی کوششوں کو ناکام بنانے کے بعد، وزارت دفاع نے کہا کہ بھارت "اپنی خودمختاری کے دفاع اور اپنے لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے”۔






