امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 9 مئی:حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ موجودہ کشیدہ صورتحال کو فوری طور پر کم کریں تاکہ ممکنہ تباہی کو روکا جا سکے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ میں دونوں ملکوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کو کم کریں اور اس خطرناک راستے پر نہ چلیں جو صرف تباہی کی طرف لے جا سکتا ہے۔
میر واعظ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ایک بار پھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب جنگ کا خطرہ بڑھتا ہے اور قیمتی جانوں کا ضیاع جاری رہتا ہے تو ہمارے دل شدید غم اور بے چینی سے بھر جاتے ہیں۔ بدقسمتی سے، جب بھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو سب سے زیادہ اثر جموں و کشمیر کے عوام پر پڑتا ہے۔
ایل او سی کے آر پار لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ان کی جانوں، گھروں اور روزگار کے نقصان کو صرف ‘ثانوی نقصان’ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج مجھے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی، لیکن میں روحانی طور پر ہر اُس شخص کے ساتھ ہوں جو ‘امن و سلامتی’ کی دعا کر رہا ہے۔ آئیے آج کا جمعہ اجتماعی دعا کا لمحہ بنے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں محفوظ رکھے، خونریزی کو روکے، اور ہمیں امن و حکمت کی طرف رہنمائی عطا فرمائے۔









