امت نیوز ڈیسک //
شوپیان، 08 جون : اتوار کو راجوری سے بابا نگری جاتے ہوئے شوپیان کے پڈپاون علاقے کے قریب ایک آلٹو گاڑی سڑک سے پھسل کر نہر میں گرنے سے ایک بزرگ خاتون کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔
ذرائع نے خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کو بتایا کہ آلٹو کار بابا نگری جا رہی تھی کہ شوپیان کے پڈپاون علاقے میں مبینہ طور پر ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا۔
انہوں نے بتایا کہ کار سڑک سے ہٹ کر قریبی نہر میں گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک موقع پر ہی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی کی شناخت نورہ بیگم عمر اسی بر س کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر پانچ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو افراد کو خصوصی علاج کے لیے سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال بھیج دیا گیا۔
پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔










