امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: امرناتھ یاترا رواں سال تین جولائی سے 9 اگست تک شروع ہوگی۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر نے آنے والی یاترا کے لیے ٹریفک کی نقل و حرکت کو منظم کرنے کے لیے ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ ٹریفک کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق یاترا کے قافلوں، غیر قافلہ یاتریوں اور جموں اور وادی کشمیر کے درمیان چلنے والی سیاحوں کی گاڑیوں کے لیے سخت کٹ آف ٹائمنگ طے کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سالانہ یاترا کے محفوظ اور بہتر انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔
اس شیڈول میں بالتل کی طرف جانے والے قافلوں کے لیے جو کٹ آف ٹائمنگ طے کی گئی ہے اس کے مطابق جموں سے بالتل تک آخری گاڑی کو صبح 4:00 بجے نویُگ ٹنل قاضی گنڈ اور صبح 10 بجے پر لامبر بانہال سے بالتل کے حدود کو عبور کرنا ہوگا۔
منی گام گاندربل سے بالتل تک، شام 5:00 بجے، اور بالتل سے واپس آنے والے قافلوں کے لیے، آخری گاڑی کو صبح 6:00 بجے تک بالتل بیس کیمپ سے نکلنا ہوگا۔ پہلگام کے راستے کے لیے، جموں سے پہلگام تک، گاڑیوں کو میر بازار شام 4:00 بجے اور لمبر بانہال سے پہلگام تک صبح 11:30 بجے عبور کرنا ہوگا۔ تمام غیر قافلہ یاتری اور سیاح صبح 7:00 بجے سے شام 6:00 بجے کے درمیان سفر کر سکتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق شام 6 بجے کے بعد یاتریوں کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ یاتریوں یا سیاحوں کی کسی بھی گاڑی جو کٹ آف ٹائم کے بعد چلتی ہوئی پائی جائے گی اسے سکیورٹی فورسز کے ذریعہ روک دیا جائے گا اور اسے قریبی کیمپ میں بھیج دیا جائے گا۔
دریں اثنا، اہم پابندیوں میں یہ بھی شامل ہے کہ مقررہ اوقات کے بعد بالتل، پہلگام، سونمرگ، یا گلمرگ کے راستوں سے سرینگر کی طرف کسی یاتری یا سیاحتی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح صبح 10:00 بجے کے بعد سرینگر سے گلمرگ کی طرف ٹریفک کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ وہیں جموں نگروٹہ اور ادھم پور جاکھنی میں کٹ آف ٹائم کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔









