امت نیوز ڈیسک //
ڈوڈہ: بھرتھ ڈوڈا لنک روڈ پر پونڈا گاؤں کے قریب ایک گاڑی، جس میں وہ سفر کر رہے تھے، گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ڈوڈہ ضلع کے پونڈہ کے قریب بھرتھ-بگلا لنک روڈ پر پونڈا گاؤں کے قریب ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ٹیمپو گاڑی شامل تھی۔ پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ 10 دیگر شدید زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ڈوڈا لے جایا گیا۔ حادثے کی وجہ کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایک ٹیمپو ٹریولر جس کا رجسٹریشن نمبر JK06-4847 تھا، مذکورہ علاقے سے ڈوڈہ شہر کی طرف جا رہی تھا کہ وہ ٹیمپو ٹریولر گہری کھائی میں گر گئی۔
حادثے کے فوری بعد مقامی لوگ جائے حادثہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ گاڑی گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے زخمیوں کو نکالنا مشکل ہوگیا۔
اس دوارن پولیس کو بھی بلایا گیا اور پولیس، ایمبولینس اور این جی اوز سمیت کئی گاڑیاں علاقے میں پہنچ گئیں اور زخمیوں کو علاج کے لیے متعلقہ اسپتال جی ایم سی ڈوڈا منتقل کیا۔ پانچ لاشیں اسپتال پہنچ چکی ہیں جب کہ زخمیوں کا ایمرجنسی یونٹ میں علاج کیا جارہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا اظہارِ افسوس
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ضلع ڈوڈہ کے پونڈہ علاقے میں ایک المناک سڑک حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: "ڈوڈا میں المناک سڑک حادثے کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان سے دکھی ہوں۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔”
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ٹویٹ کیا
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ ڈوڈہ شہر سے 20-25 کلومیٹر دور بھرت گاؤں کے قریب ایک پرائیویٹ ٹیمپو سڑک حادثے میں تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور چار شدید زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے۔ ہر ممکن مدد اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی سی ذاتی طور پر پورے حادثے کی نگرانی کر رہے ہیں اور مجھے باقاعدہ اپ ڈیٹس دے رہے ہیں۔









