امت نیوز ڈیسک //
سری نگر جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالن پربھات (آئی پی ایس) نے یومِ آزادی 2025 اور دیگر آئندہ تقریبات کے سلسلے میں پیر کو پولیس کنٹرول روم کشمیر کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے آغاز میں زونل انسپکٹر جنرلز اور دیگر ونگز کے سربراہان نے ڈی جی پی کو یونین ٹیریٹری میں موجودہ سیکورٹی صورتحال سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انٹیلی جنس ونگ کے سینئر افسران نے بھی اپنی معلومات اور تازہ ترین جائزے پیش کیے۔
اجلاس میں حالیہ سیکورٹی چیلنجز، حساس مقامات کی سیکورٹی اور عوامی تقریبات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے درکار حکمت عملی پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔
ڈی جی پی شری نالن پربھات نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ امن مخالف عناصر پر نظر رکھیں، اپنے اپنے علاقوں میں گشت اور علاقے پر گرفت بڑھائیں، اور تمام حساس مقامات پر فول پروف سیکورٹی یقینی بنائیں۔
انہوں نے ضلع سربراہان کو خاص طور پر سوشل میڈیا پر نگرانی سخت کرنے کی ہدایت دی تاکہ کسی بھی قسم کی افواہ یا گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے جو امن عامہ میں خلل ڈال سکتی ہو۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ایام میں وادی بھر میں چوکسی مزید بڑھائی جائے گی، مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو مستحکم کیا جائے گا اور سیکورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ریاست میں پائیدار امن و قانون کا ماحول برقرار رہے۔
میٹنگ میں اسپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن شری ایس جے ایم گیلانی، اے ڈی جی سی آر پی ایف شری راجیش کمار، اے ڈی جی پی آرمڈ جموں و کشمیر شری آنند جین، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی شری نیتیش کمار، جے ڈی ایس آئی بی، آئی جی پی کشمیر، آئی جی پی جموں، آئی جی سیکورٹی، آئی جی بی ایس ایف، آئی جی سی آر پی ایف کشمیر آپریشنز سیکٹر، آئی جی سی آر پی ایف سرینگر، تمام رینج ڈی آئی جیز، ڈی آئی جیز ٹریفک، ریلوے، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، سی آئی ایس ایف، تمام اضلاع کے ایس ایس پیز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔










