امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر حکومت نے پیر کے روز چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ ، بشیر احمد شاہ کو ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کے ساتھ منسلک کر دیا ہے، جبکہ ان کے خلاف زیر تفتیش معاملے کی جانچ جاری ہے۔
اس سلسلے میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری حکومت آرڈر کے مطابق، بشیر احمد شاہ کو بارہمولہ میں اپنے فرائض سے فارغ کیا گیا ہے اور فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف ایجوکیشن آفیسر، بانڈی پورہ، بارہمولہ کے سی ای او کے اضافی عہدے کے ساتھ ساتھ ڈی آئی ای ٹی سوپور بارہمولہ کے پرنسپل کے فرائض بھی انجام دیں گے، جب تک مزید ہدایات جاری نہیں ہوتیں۔
اس معاملے کی جانچ کی ذمہ داری جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن (نارتھ) کشمیر کو سونپی گئی ہے، جنہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر انتظامی محکمے کو تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
یہ آرڈر سیکریٹری ، رم نواس شرما کے دستخط اور ڈپٹی سیکریٹری شیتل پانڈیتا کے کاؤنٹر سائن کے ساتھ فوری طور پر نافذ العمل کیا گیا ہے۔
ہدایات کی کاپیاں وزارت داخلہ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی بھیج دی گئی ہیں تاکہ عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔










