امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فون کال اور دیوالی کی مبارکباد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پی ایم مودی نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "صدر ٹرمپ، آپ کی فون کال اور دیوالی کی پرتپاک مبارکباد کے لیے آپ کا شکریہ۔ روشنیوں کے اس تہوار پر ہماری دو عظیم جمہوریتیں امید کے ساتھ دنیا کو روشن کرتی رہیں اور دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف متحد رہیں۔”
قبل ازیں، ٹرمپ نے منگل کو (مقامی وقت کے مطابق) کہا کہ انہوں نے پی ایم مودی سے فون پر بات کی۔ اس دوران دونوں نے "تجارت پر تبادلہ خیال” کیا، جیسا کہ امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریبات میں شرکت کی اور اس موقعے پر ہندوستان کے لوگوں اور ہند نژاد امریکیوں کو اپنی پرتپاک مبارکباد پیش کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کی میزبانی کی، جہاں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک عظیم آدمی کے طور پر سراہا اور کہا کہ وہ بھارت کے لوگوں سے پیار کرتے ہیں۔
امریکہ میں بھارتی سفیر ونے کواترا، باھرت میں امریکہ کے نئے سفیر سرجیو گور، ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل اور نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے اس تقریب میں شرکت کی۔ ہندوستانی برادری سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری رہنما بھی تقریبات کا حصہ تھے۔
ٹرمپ نے اوول آفس میں دیا روشن کیا، اسے تاریکی پر روشنی کی فتح میں ایمان کی علامت قرار دیا، اور ہندوستان کے لوگوں کو اپنی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جہالت پر علم کی اور برائی پر خیر کی جیت کی علامت ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ "میں بھارت کے لوگوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ میں نے آج ہی آپ کے وزیر اعظم سے بات کی، بہت اچھی بات چیت ہوئی، ہم نے تجارت کے بارے میں بات کی، وہ اس میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں، حالانکہ ہم نے تھوڑی دیر پہلے ہی پاکستان سے کوئی جنگ نہ کرنے کے معاملے پر بات کی تھی۔ حقیقت یہ ہے کہ اس بات چیت میں بھی تجارت شامل تھی، میں اس کے بارے میں بات کر سکا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے بیچ کوئی جنگ نہ ہونے دیں۔”
امریکی صدر نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک "عظیم شخص” اور "عظیم دوست” قرار دیا، جبکہ تجارت اور علاقائی امن میں امریکہ بھارت تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "وہ ایک عظیم شخص ہیں اور وہ کئی برسوں میں میرے بہت اچھے دوست بن گئے ہیں۔”
تہوار کی علامتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، "چند ہی لمحوں میں ہم اندھیرے پر روشنی کی جیت کی علامت کے طور پر دیا کو روشن کریں گے… یہ جہالت پر علم اور برائی پر اچھائی کی جیت کا تہوار ہے۔ دیوالی کے موقعے پر عقیدت مند دشمنوں کی شکست، رکاوٹیں دور کرنے اور قیدیوں کی رہائی کی کہانیوں کا تذکرہ کرتے ہیں۔” بعد ازاں ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں بھی دیا روشن کر کے دیوالی منایا۔
اسی کے ساتھ ٹرمپ نے یہ بھی دہرایا کہ ‘وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بھارت روس سے مزید تیل نہیں خریدے گا۔ ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں، اور وہ روس سے مزید تیل نہیں خریدیں گے.









