امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے جمعے کو واضح کیا کہ پارٹی کی انتخابی مہم میں شرکت مکمل طور پر رضاکارانہ ہے اور کسی کو بھی مہم میں حصہ لینے پر مجبور نہیں کیا جاتا۔
اگا روح اللہ کی انتخابی سرگرمیوں میں شمولیت سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا،
“جب ہم سے اگا روح اللہ کے بارے میں پوچھا گیا تو ہمارا جواب صاف تھا — کسی کو مہم چلانے پر مجبور نہیں کیا جاتا۔ جو لوگ شامل ہونا چاہتے ہیں، اپنی مرضی سے ہوتے ہیں، اور جو نہیں چاہتے، وہ شامل نہیں ہوتے۔”
انہوں نے کہا کہ جاری مہم کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہو رہی ہے اور انہیں اس کی کامیابی پر مکمل اعتماد ہے۔
“ہماری کوششیں کامیاب ہوں گی، اور جو لوگ اس سفر میں ہمارے ساتھ نہیں تھے، وہ بعد میں ہماری کامیابی کا حصہ نہیں بن سکتے”، عمر عبداللہ نے کہا۔
عمر عبداللہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پارٹی کے اندر بعض سینئر رہنماؤں کی موجودہ مہم میں سرگرمی کے حوالے سے مختلف آراء کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ (کے این ٹی)









