امت نیوز ڈیسک //
مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کے لیے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کے تحت فراہم کیے جانے والے یومیہ روزگار کے دنوں میں اضافہ کی منظوری دے دی ہے۔ اب دیہی گھروں کو 100 کے بجائے 150 دن کا روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خیرمقدم کیا ہے۔
زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت نے سفارش کی تھی کہ 2025-26 کے مالی سال کے لیے سیلاب، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ علاقوں میں موجود گھروں کو منریگا کے تحت اضافی 50 دن کا روزگار دیا جائے تاکہ اُن کی معاشی مشکلات کم ہو سکیں۔
حکومت کے مطابق، قدرتی آفات کے بعد عوامی کاموں میں روزگار کی مانگ میں اضافے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے متاثرہ دیہی علاقوں میں گھروں کو 100 دن کے علاوہ مزید 50 دن کا روزگار فراہم کیا جائے۔
ایل جی منوج سنہا کا اظہارِ تشکر
ایل جی منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرِ دیہی ترقی شیو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جمعہ کی دیر رات ایکس پر لکھا:
“میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دیہی ترقی شیو راج سنگھ چوہان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیے منریگا کے ایام کار 150 دن کر دیے، جس سے قدرتی آفات سے متاثرہ دیہی علاقوں میں لوگوں کی معاشی حفاظت مضبوط ہوگی۔”
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کی 1,962 پنچایتوں کو "سیلاب زدہ” قرار دیا گیا، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کے روزگار اور آمدنی پر شدید اثر پڑا۔
منوج سنہا نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ نے مرکز سے خصوصی ریلیف کی درخواست کی تھی، اور آج کا فیصلہ دیہی علاقوں کے کمزور گھرانوں کو مستحکم آمدنی، معاشی پریشانی سے نجات اور دیرپا اثاثے بنانے میں مدد دے گا۔









