امت نیوز ڈیسک //
دہلی پولیس کرائم برانچ نے ایک بڑے سرحد پار اسمگلنگ ریکیٹ کا انکشاف کیا ہے جس کے روابط پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلی جنس سے جڑے ہوئے بتائے جا رہے ہیں۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے چار اہم اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدہ ملزمان ملک بھر میں ہتھیاروں کی غیرقانونی ترسیل میں ملوث تھے، جبکہ یہ اسلحہ پاکستان سے بھارت میں اسمگل کر کے مختلف ریاستوں میں پھیلایا جا رہا تھا۔ اسمگلنگ میں جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے اسلحہ بھارت–پاکستان سرحد عبور کر رہا تھا۔
اس کارروائی کی قیادت کرائم برانچ کے ڈی سی پی سنجیو کمار یادو کی ٹیم نے کی۔ اسپیشل سی پی کرائم، دیویش سریواستو کے مطابق موقع سے 10 اعلیٰ معیار کے غیر ملکی ساختہ نیم خودکار پستول برآمد کیے گئے، جب کہ 92 زندہ کارتوس بھی ضبط کیے گئے۔
چاروں کی شناخت روحن ،مندیپ،اجے اور دلویندر کے طور پر ہوئی ہے…
پولیس نے بتایا کہ برآمد شدہ اسلحے میں ایک ترکی ساختہ پستول بھی شامل ہے، جو اپنی اعلیٰ صلاحیت اور خصوصی فورسز کے استعمال کے باعث تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک چینی ساختہ پستول بھی ملی ہے، جو ظاہر کرتی ہے کہ ISI سے منسلک یہ نیٹ ورک متعدد ممالک کے ہتھیار بھارت میں داخل کر رہا تھا۔
دہلی پولیس نے کہا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے وسیع روابط کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔









