امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 27 نومبر: سرینگر کے رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے جمعرات کو ڈپٹی وزیراعلیٰ سرندر چودھری کے حالیہ ’لائم لائٹ‘ والے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست کرسی یا عہدے کی خواہش پر نہیں بلکہ اصولوں اور اقدار پر قائم ہے۔
ایک روز قبل ڈپٹی وزیراعلیٰ نے آغا روح اللہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں اور خبروں میں آنے کی کوشش نہ کریں۔ اس پر جواب دیتے ہوئے آغا روح اللہ نے کہا کہ جن لوگوں میں سیاست کے بنیادی اصول—نظم، دیانتداری، وفاداری اور سیاسی شرافت—نہ ہو، وہ جواب کے بھی مستحق نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا، “ڈپٹی وزیراعلیٰ نے پی ڈی پی چھوڑ دی اور آج وہ مجھے اصولوں اور پارٹی کے بارے میں سمجھاتے ہیں۔ میری لڑائی اصولوں کے لیے ہے، کرسی کے لیے نہیں۔ میں نے کبھی کسی کرسی کے لیے پارٹی نہیں بدلی، نہ ہی اپنے اصولوں میں لچک پیدا کی۔”
آغا روح اللہ نے الزام لگایا کہ دو سال پہلے ڈپٹی وزیراعلیٰ نیشنل کانفرنس کا حصہ بھی نہیں تھے اور کبھی بی جے پی کے ساتھ جبکہ کبھی پی ڈی پی کے ساتھ دکھائی دیتے تھے۔ “جہاں کرسی ملتی ہے، وہ وہیں چلے جاتے ہیں،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کے پاس نہ کوئی نظریہ ہے، نہ اصول اور نہ ہی کوئی سمت۔ “میری سیاست اصولوں اور قدروں کی بنیاد پر ہے۔ اگر میں نے کبھی پارٹی سے اختلاف کیا بھی ہے تو وہ اصولی اختلاف ہوتا ہے، کسی عہدے یا فائدے کے لیے نہیں”۔








