امت نیوز ڈیسک //
پونچھ، 12 دسمبر : لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے جمعہ کو دراندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک گروپ کو گرفتار کرلیا جو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق جمعرات کی دیر رات ایل او سی کے نزدیک جنگل والے علاقے میں مشکوک نقل و حرکت محسوس کی گئی، جس کے بعد فورسز نے فوری طور پر کاؤنٹر اِنفلٹریشن آپریشن شروع کیا۔
فوجی حکام نے بتایا کہ اہلکاروں نے جب مشتبہ افراد کو چیلنج کیا تو انہوں نے گھیراو سخت ہوتے دیکھ کر فرار کی کوشش کی، جس دوران مختصر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ تاہم فورسز نے گروہ کو محصور کرکے کم از کم تین دراندازوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا۔
علاقے کی تلاشی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھاری اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا، جن میں دو AK-47 رائفلیں، تین پستول، متعدد میگزین، بڑی مقدار میں راونڈز اور سیٹلائٹ فونز جیسے جدید آلات شامل ہیں۔ (کے این ٹی)








