امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سردیوں کی آمد اور ممکنہ برف باری کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیز نے صوبہ جموں میں کٹھوعہ سے کشتواڑ تک سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے۔
پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور فوج نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور صوبہ جموں کے ادھمپور، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے بالائی علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع کے بعد گشت اور تلاشی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی ایجنسیز نے چنانی علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز کی گرفت سے بچنے کے لیے دہشت گرد گھنے جنگلات اور دشوار گزار علاقوں میں اپنی جگہ بار بار بدل رہے ہیں۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق 10 سے 15 دہشت گرد کٹھوعہ، ادھمپور اور ڈوڈہ کے سنگم علاقے میں چھپے ہو سکتے ہیں جبکہ دو سے پانچ دہشت گرد کشتواڑ کے پہاڑی علاقوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتیا ہے کہ ہے کہ ان علاقوں میں برفباری کے بعد جب دہشت گردوں کے لیے وہاں ٹھہرنا مشکل ہوگا، تو ان کے نشیبی علاقوں میں اترنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ سیکورٹی فورسز اسی موقع پر ان کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
دوسری جانب کٹھوعہ اور سانبہ کے سرحدی علاقوں میں دراندازی کے خدشہ کے پیش نظر بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اور پولیس نے سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کرنے کے ساتھ ساتھ مزدوروں اور مقامی رہائشیوں کی مکمل جانچ بھی تیز کر دی ہے۔







