امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: فلسطینی گروپ حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ھنیہ کو 31 جولائی 2024 کو ایران کے شہر تہران میں قتل کر دیا گیا تھا۔ اس قتل کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہونے کا شبہ تھا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی اس وقت تہران میں تھے۔ انہوں نے قتل سے قبل اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی تھی۔ گڈکری نے یہ انکشاف ایک کتاب کے اجراء کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہانیہ سے ملاقات ایرانی دارالحکومت میں ایک ملٹری کمپلیکس میں حماس رہنما کے قتل سے چند گھنٹے قبل ہوئی تھی۔
گڈکری نے کہا کہ وہ ایران کے نئے صدر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے کہنے پر تہران گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب سے قبل وہ تہران کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں موجود تھے جہاں کئی ممالک کے سربراہان مملکت اور معززین چائے اور کافی کے لیے جمع تھے۔ گڈکری نے کہا، "مختلف ممالک کے تمام سربراہان مملکت موجود تھے، لیکن ایک شخص جو ریاست کے سربراہ نہیں تھے، وہ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ تھے۔ میں نے ان سے ملاقات کی۔ میں نے انہیں صدر اور چیف جسٹس کے ساتھ حلف برداری کی تقریب میں جاتے دیکھا۔”
حماس کے سربراہ کو قتل کر دیا گیا
نتن گڈکری نے مزید کہا، "حلف برداری کی تقریب کے بعد، میں اپنے ہوٹل واپس آیا، لیکن تقریباً 4 بجے ہندوستان میں ایرانی سفیر میرے پاس آئے اور کہا کہ ہمیں جانا ہے، میں نے پوچھا کہ کیا ہوا اور انہوں نے مجھے بتایا کہ حماس کے سربراہ کو قتل کر دیا گیا ہے، میں حیران رہ گیا اور پوچھا کہ یہ کیسے ہوا اور انہوں نے کہا، ‘ابھی تک مجھے نہیں معلوم۔’
گڈکری نے سامعین کو بتایا کہ حماس لیڈر کو کیسے مارا گیا۔ اس بارے میں ابھی تک غیر یقینی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا، "کچھ لوگ کہتے ہیں کہ انہیں مارا گیا کیونکہ انہوں نے موبائل فون استعمال کیا تھا، کچھ کہتے ہیں کہ یہ کسی اور وجہ سے ہوا تھا۔”
ملک مضبوط ہے تو کوئی ملک ہاتھ نہیں ڈال سکتا
مرکزی وزیر گڈکری نے کہا کہ اگر کوئی ملک مضبوط ہے تو کوئی ملک اس پر ہاتھ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے اسرائیل کی مثال دی، ایک چھوٹے سے ملک جس نے اپنی تکنیکی مہارت اور فوجی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی سطح پر اثر و رسوخ کا مظاہرہ کیا ہے۔
مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا استعمال
ہانیہ کے قتل کے بعد، ایرانی حکام نے تصدیق کی کہ یہ قتل 31 جولائی 2024 کو رات 1:15 بجے کے قریب ہوا، ہانیہ اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے زیر نگرانی انتہائی محفوظ ملٹری کمپلیکس میں تھے۔ حملے میں ان کا محافظ بھی مارا گیا۔ پھر آئی آر جی سی نے بتایا کہ ایک مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا استعمال اس عمارت کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا جہاں ہانیہ رہ رہے تھے۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب ہانیہ صدر مسعود پیزیشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں تھے








