امت نیوز ڈیسک //
سری نگر — لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 فروری 2026 سے منعقد کرنے کے لیے اسمبلی طلب کر لی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اجلاس پیر کے روز 2 فروری کو صبح 10 بجے جموں میں منعقد ہوگا۔
اسمبلی کو طلب کرنے کا یہ حکم جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعہ 18(1) کے تحت لیفٹیننٹ گورنر کو حاصل اختیارات کے استعمال کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 2 فروری 2026 کو صبح 10 بجے جموں میں ہوگا۔ اس حکم کی ایک نقل خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور کے پاس موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزراء کونسل نے بجٹ اجلاس بلانے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے باضابطہ طور پر اسمبلی طلب کرنے کا حکم جاری کیا۔
بجٹ اجلاس کا آغاز 2 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر کے اسمبلی سے خطاب سے ہوگا۔ اس سلسلے میں اسمبلی سیکریٹریٹ نے جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعہ 21(1) کے تحت ایک علیحدہ نوٹس جاری کیا ہے، جس میں قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو جموں کے اسمبلی کمپلیکس میں لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب سننے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب پر بحث مکمل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جو محکمہ خزانہ کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں، فروری کے پہلے ہفتے میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دوسرا بجٹ پیش کرنے کی توقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق بجٹ اجلاس دو مرحلوں میں منعقد ہو سکتا ہے۔ اجلاس کا پہلا مرحلہ ماہِ رمضان کے آغاز سے قبل ختم ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد اسمبلی ایک ماہ کے لیے وقفے میں چلی جائے گی۔ عیدالفطر کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہو کر باقی ماندہ کارروائی مکمل کی جائے گی۔











