امت نیوز ڈیسک //
جموں، 12 جنوری : جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ نے یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے پانچویں اجلاس کا عبوری کیلنڈر جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ اجلاس فروری سے اپریل 2026 تک جاری رہے گا اور اس دوران قانون سازی اور مالی امور پر تفصیلی بحث ہوگی۔
کیلنڈر کے مطابق، خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز کارنر (کے این سی) نے بتایا کہ اجلاس کا آغاز 2 فروری کو لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب سے ہوگا، جس کے بعد ایل جی کے خطاب پر تحریکِ تشکر اور حکومت کے جواب پر کئی دنوں تک بحث ہوگی۔
اجلاس کے دوران مالیاتی امور کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔ 6 فروری کو مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ اخراجات کا بیان اور مالی سال 2025-26 کے لیے ضمنی اخراجات کا بیان اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
بجٹ کی پیشکش کے بعد اس پر عمومی بحث ہوگی، جس کا جواب حکومت کی جانب سے دیا جائے گا۔
عبوری شیڈول کے مطابق فروری کے مہینے میں مختلف نشستوں کے دوران ڈیمانڈز فار گرانٹس پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا، جبکہ سرکاری اعلامیے کے مطابق تعطیلات بھی شامل رہیں گی۔ مارچ 2026 میں اسمبلی میں اپروپریئیشن بلز، دیگر سرکاری امور کے علاوہ نجی اراکین کے بلز اور قراردادیں پیش کی جائیں گی۔
اپریل میں اجلاس کا آخری مرحلہ جاری رہے گا، جس میں سرکاری امور کے ساتھ ساتھ نجی اراکین کے بلز اور قراردادوں پر بھی بحث ہوگی۔ کیلنڈر کے مطابق 3 اپریل کو گڈ فرائیڈے کے موقع پر تعطیل ہوگی۔
عبوری کیلنڈر آئندہ تین ماہ کے دوران اسمبلی کی کارکردگی کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کرتا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اجلاس پالیسی، مالی اور قانون سازی سے متعلق اہم معاملات کے ساتھ خاصا مصروف رہے گا۔











