امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 28 فروری : عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر کی رنجی ٹرافی ٹیم کے لیے تاریخی کامیابی پر 2 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم نے فائنل میں کرناٹک کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر پہلی مرتبہ رانجی ٹرافی کا خطاب اپنے نام کیا۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے پیغام میں کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح جموں و کشمیر کی کرکٹ تاریخ کا ایک سنہری باب ہے اور اس کامیابی نے پورے خطے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی سرزمین پر شاندار کارکردگی ٹیم کی محنت، لگن اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق یہ تاریخی جیت نہ صرف کھیلوں کے میدان میں جموں و کشمیر کی مضبوط موجودگی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک بڑی تحریک ہے۔
عمر عبداللہ نے مزید اعلان کیا کہ فاتح اسکواڈ کے اراکین کو حکومت کی نئی اسپورٹس پالیسی کے تحت سرکاری ملازمتوں میں بھی موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
جموں و کشمیر کی یہ پہلی رنجی ٹرافی فتح کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جس پر سیاسی و کھیل حلقوں کی جانب سے بھرپور ستائش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





