امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: سرینگر کی عدالت نے جے کے سی اے گھوٹالہ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر فاروق عبداللہ کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ حکم چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ مقدمہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے معاملات میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔
سماعت کے دوران فاروق عبداللہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ان کے وکیل نے ذاتی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی اور بتایا کہ وہ جموں میں موجود ہیں۔
عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کی آن لائن پیشی کا اختیار بھی دیا گیا تھا مگر اس پر رضامندی ظاہر نہیں کی گئی، جس کے بعد عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کیس کی اگلی سماعت ۳۰ مارچ ۲۰۲۶ کو مقرر کی ہے۔






