امت نیوز ڈیسک //
جموں، 12 مارچ : نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار شخص کو جمعرات کے روز جموں کی ایک عدالت نے پانچ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے تاکہ حملے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز سروس کو بتایا گیا کہ ملزم کمل سنگھ جمّوال (63)، جو پرانی منڈی کا رہائشی ہے، کو سخت سیکورٹی کے درمیان عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم سے مزید تفتیش ضروری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس نے اکیلے یہ قدم اٹھایا یا اس کے کسی تنظیم سے روابط ہیں۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو پانچ دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا اور ہدایت دی کہ اس دوران ہر 24 گھنٹے بعد ملزم کا طبی معائنہ کرایا جائے۔
اس سے قبل ملزم کو طبی جانچ کے لیے اسپتال بھی لے جایا گیا تھا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ملزم نے کہا:
"میں نے یہ کسی کے کہنے پر نہیں کیا، میں نے ہی ان پر فائرنگ کی ہے۔”
واضح رہے کہ بدھ کی رات ڈاکٹر فاروق عبداللہ اس وقت بال بال بچ گئے جب ایک شادی کی تقریب سے واپس جاتے ہوئے جموں کے نواحی علاقے گریٹر کیلاش میں ملزم نے مبینہ طور پر پیچھے سے ان پر فائرنگ کر دی۔






