امت نیوز ڈیسک //
کپواڑہ، 5 اپریل: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی سعودی عرب میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی، جس کے بعد اہل خانہ نے میت کو وطن واپس لانے کے لیے حکومتی مدد کی اپیل کی ہے۔
متوفی کی شناخت بلال منظور کے طور پر ہوئی ہے جو لولاب کے سوگام علاقے کا رہائشی تھا۔ اہل خانہ کے مطابق بلال منظور سعودی عرب میں ایک دفاعی اسپتال میں ملازمت کر رہا تھا، جہاں دورانِ ڈیوٹی اسے اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
بلال منظور کی اچانک موت کی خبر سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ کسی طویل بیماری میں مبتلا نہیں تھا اور اس کی موت سب کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بلال منظور ایک سابق وائس پرنسپل کے بیٹے تھے جو آرمی گڈول اسکول چندیگام میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بلال نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی اسی ادارے سے 2015 میں مکمل کی تھی، جس کے بعد وہ روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک چلے گئے تھے۔
اہل خانہ نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ میت کو جلد از جلد کشمیر واپس لانے کے لیے ضروری کارروائی مکمل کی جائے تاکہ ان کی تدفین آبائی گاؤں میں کی جا سکے۔






