امت نیوز ڈیسک //
سوپور، 15 جون: شمالی کشمیر کے سوپور قصبے کے مین چوک علاقے میں پیر کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک مقامی دکاندار مبینہ طور پر زہریلا مادہ کھانے کے بعد انتقال کر گیا۔
اطلاعات کے مطابق متوفی کی شناخت محبوب حسین لونگو ولد شمس الدین لونگو، ساکن اقبال نگر سوپور کے طور پر ہوئی ہے، جو شمس پان ہاؤس کے مالک تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے نامعلوم حالات میں مبینہ طور پر کوئی زہریلا مادہ استعمال کیا، جس کے بعد ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
انہیں فوری طور پر علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں اور طبی عملے کی بھرپور کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی اور اسپتال میں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
اس واقعے سے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اہل خانہ، رشتہ داروں، دوستوں اور مقامی باشندوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ زہریلا مادہ کھانے کے پس پردہ حالات کیا تھے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔





