امت نیوز ڈیسک //
آبنائے ہرمز میں منگل کو متحدہ عرب امارات کے دو آئل ٹینکروں پر مبینہ ایرانی میزائل حملے میں ایک بھارتی جہازی ہلاک جبکہ چھ بھارتی شہریوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ اماراتی وزارتِ دفاع کے مطابق حملہ عمان کی علاقائی سمندری حدود میں اس وقت کیا گیا جب دونوں ٹینکر جنوبی بحری راستے سے گزر رہے تھے۔
وزارت کے مطابق زخمیوں میں چھ بھارتی اور دو یوکرینی شہری شامل ہیں، جن میں چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حملے سے دونوں ٹینکروں میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم بعد میں اس پر قابو پا لیا گیا۔
متحدہ عرب امارات نے اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ملک اپنی سرزمین، شہریوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ حملہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے، جہاں حالیہ ہفتوں میں متعدد بحری جہاز بھی حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی ایک ٹینکر پر حملے میں تین بھارتی ملاح ہلاک ہوئے تھے۔






