امت نیوز ڈیسک //
سرینگر/ ماہ نومبر کے پہلے دس دنوں میں تین مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو نگی جس دوران بارشیں اور برفباری ہونگی کی بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ماہرین نے باغ مالکان اور کسانوں کیلئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا کہ میوہ باغات میں فصل اتارنے اور درختوں کی شاخ تراشی کا کام پہلے ہی ختم کیا جائے ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے ماہ نومبر کے پہلے دس روز میں متواتر طور پر بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دس روز میں تین مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہونگی جس دوران 31اکتوبر اور یکم نومبر کی درمیانی شب کو بارشیں اور ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے جبکہ اس کے بعد 5سے 10نومبر کے مابین ایک کے بعد ایک مغربی ہواﺅں کے اثر سے بارشیں اور برفباری ہونے کا امکان ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ نومبر کے پہلے دس روز میں مجموعی طور پر موسم خراب ہی رہنے کا امکان ہے لہذا باغ مالکان اور کسانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے باغات اور کھیتوں میں فصل اتارنے کا کام اس سے پہلے ہی ختم کریں جبکہ ساتھ ہی درختوں کی شاخ تراشی بھی کی جائے تاکہ برفباری کی وجہ سے ان کو پھر نقصان نہ اٹھانا پڑے ۔








