سرینگر:محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 15سے 18نومبر تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور 18- 19 کی درمیانی شب کئی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری یا بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آج یعنی پیر کے روز وادی کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں ایک سے دو فٹ تک برف باری درج کی گئی ہے۔ وہیں آج دن بھر موسم ابر آلود اور وقفے وقفے سے بارش یا برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے زور دیتے ہوئے کہا کہ رواں مہینے کی 20 تاریخ تک کہیں بھاری برفباری کو خارج از امکان قرار دیا۔ جبکہ وادی کے کئی بالائی علاقوں میں ہلکی برف و باری درج کی گئی۔ جہاں شمالی کشمیر کے علاقوں میں تقریباً دو فٹ برف باری درج کی گئی وہیں وسطی کشمیر کے چند علاقوں سے بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
موسمی تبدیلی: خصوصاً قبل از وقت برفباری باعث تشویش محکمہ کے مطابق، آج صبح 8:30 بجے سرینگر میں 5.9 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 2.8 ملی میٹر، پہلگام میں 12.2 ملی میٹر، کپوارہ میں 14.4 ملی میٹر، کوکر ناگ میں 1.0 ملی میٹر، گلمرگ میں 16.8 ملی میٹر، اونتی پورہ میں 0.8 ملی میٹر، جموں میں 11.3 ملی میٹر، بانہال میں 18.2 ملی میٹر، کٹرا میں 13.0 ملی میٹر اور اُدھمپور میں 24.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں 14 سینٹی میٹر برف باری بھی درج کی گئی ہے جبکہ ٹنگ مرگ میں دو انچ، کپوارہ میں 12 انچ، گریز میں ایک فٹ برف درج کی گئی ہے جس کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے ۔










