امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ / / شمالی کشمیر میں ایک نوجوان جوڑا مبینہ طور پر دریائے جہلم میں کو د گیا جس دوران لڑکی کو زندہ بچا لیا تا ہم لڑکے کی لاش برآمد کی گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں ایک لڑکے اور لڑکی کے ڈوبنے کی خبر پھیلنے کے فورا بعد بارہمولہ میں گلنار پارک کے قریب دیوان باغ فٹ برج پر بڑے پیمانے پر بچاو نے آپریشن شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کو فوری طور زندہ بازیاب کر لیا گیا تاہم لڑکے کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے این ڈی آر ایف نے واقعہ کے تقریباً ایک گھنٹے بعد لڑکے کی لاش کو برآمد کیا۔ لاش کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس عہدیدار نے متوفی کی شناخت سہیل احمد پرے ولد نور محمد پرے ساکن سنگری کالونی بارہمولہ کےطور پر کی ہے۔ انہوں نے جتایا، ” نعش کو طبی ۔ قانونی رسمی کارروائیوں کے لیے جائے وقوع سے قریبی صحت مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اسے آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق، نوجوان جوڑے نے آج سہ پہر دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی تھی۔










